Blog

گوادر، زندگی اور ورثہ پر سہ روزہ فوٹوگرافی کے مقابلوں کا آغاز: عبدالحلیم

آر سی ڈی کونسل گوادر کے زیر اہمتام محکمہ ثقافت حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے گوادر، زندگی اور ورثہ کے عنوان سے سہ روزہ فوٹوگرافی کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز آر سی ڈی کونسل گوادر میں منعقد کی گئی۔تقریب کی صدارت آرسی ڈی کونسل گوادر کے صدر ناصر رحیم سہرابی نے کی۔

تقریب کے ابتدائی کلمات آرسی ڈی کونسل گوادر کے نائب صدر بہرام بلوچ نے اداکئے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہاں کے قدیم ورثہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کو محفوظ بنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرسی ڈی کونسل گوادر کے سرپرست اعلی خدابخش ھاشم کا کہنا تھا کہ فوٹوگرافی وہ فن ہے جو معاشرے کے ارتقائی اور ما بعد کے حالات و واقعات کی غمازی کرتی ہے، یہ ایونٹ گوادر کے ورثہ کو محفوظ بنانے کی کوشش ہے جو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے محفوظ بن جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیرجان آرٹ اکیڈمی گوادر کے روح رواں خیر جان خیرل اور گوادر کے نوجوان فوٹوگرافر ذاکر داد کا کہنا تھا کہ فوٹوگرافی کا شعبہ مہارت کا حامل فن ہے، جدید دور میں اس فن سے آشنا ہونا چنداں مشکل کام نہیں۔

انہوں نےکہا کہ یہ مقابلہ نہ صرف مقامی فوٹوگرافروں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ اس سے ہم اپنے علاقے کی پہچان کو وسعت فراہم کرسکتے ہیں۔ آر سی ڈی کونسل کی اس ضمن میں کاوشیں قابل تعریف ہیں، اس قسم کے مقابلوں کے انعقاد سے مقامی فوٹوگرافروں کی حوصلہ افزائی ممکن ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو نیا جوش اور ولولہ ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ۔اس شعبہ کی وسعت پذیری کے لئے مقامی سطح پر ادارہ جاتی منصوبے کی ضرورت ہے، آرسی ڈی کونسل گوادر نے مقابلے کا انعقاد کرکے اس کی بنیاد رکھ دی ہے جس کا تسلسل جاری رہنے چاہیئے۔

بعد ازاں سید ظہورشاہ ہاشمی آڈیٹوریم میں آویزاں مختلف موضوعات پر مبنی تصاویر کی نمائش کی گئی جس کا افتتاح آرسی ڈی کونسل گوادر کے سرپرست اعلی خدابخش ھاشم نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ نمائش میں مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کرکے اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

تصویری مقابلے میں پچاس کے قریب فوٹوگرافر حصہ لے رہے ہیں جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔ اس سہ روزہ مقابلوں میں دیگر مختلف موضوعات پر بھی پروگرام منعقد کئے جائینگے۔

تقریب کے نظامت کے فرائض آرسی ڈی کونسل گوادر کے خازن رحمت اللہ بلوچ نے اداکئے۔

Share

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *